• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر پر سودے بازی کرنے والوں کو قوم عبرت کا نشان بنا دے گی، حافظ نعیم

لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمنٰ نے کہا ہے کہ کشمیر پر سودے بازی کرنے والوں کو قوم عبرت کا نشان بنا دیگی، سوات میں انسانی جانیں چلی گئیں،وزراء بلیم گیم اور میمز بنانے میں لگے ہیں، تجارت اور ڈالروں کے عوض کشمیر پر سودے بازی کرنے والوں کو قوم عبرت کا نشان بنا دے گی۔ امریکی غلاموں نے پاک ایران گیس پائپ لائن پر کام روک رکھا جبکہ ایران نے اپنے حصے کا کام مکمل کرلیا ہے۔اگر حکمرانوں کو عوام کی پریشانیوں کی فکر ہوتی تو اب تک پاک ایران گیس لائن مکمل ہوچکی ہوتی اور تیل بھی ایران سے خریدا جاتا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ لاہور میں ضلع شیخوپورہ اور ننکانہ کے کارکنان کی تربیت گاہ میں اختتامی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم نے کہا کہ کے پی کے اور پنجاب میں کرپشن کے میگا سیکنڈلز سامنے آچکے ہیں اور سندھ تو پہلے ہی کرپشن میں خودکفیل ہے۔ کے پی کے میں پی ٹی آئی کی حکومت کا 12واں سال ہے لیکن دریائے سوات میں ڈوبنے والوں کو ریسکیو کرنے کا کوئی نظام نہیں تھا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پاکستان میں گورننس کا بحران ہے۔پورا عدالتی نظام یرغمال ہے۔عدالت نے مخصوص نشستیں حکومتی اتحاد میں بانٹ دیں حالانکہ ان پر تحریک انصاف کا حق تھا۔قبل ازیں حافظ نعیم نے ڈسکہ جا کر سوات میں جاں بحق ہونیوالے محسن کی رہائش گاہ پر ان کی چار بچیوں کی شہادت پر تعزیت اور شہداء کیلئے بلندی درجات کی دعا کی۔ڈسکہ جا کر سوات میں جاں بحق ہونیوالوں کے ورثا ء سے انکی رہائش گاہ پر ان کی چار بچیوں کی شہادت پر تعزیت اور شہداء کیلئے بلندی درجات کی دعا کی۔حافظ نعیم نے ورثاء کے ساتھ گہری ہمدری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحہ پرپوری قوم صدمہ میں ہے اور ملک بھر کے عوام کے دل غمگین اور افسردہ ہیں۔ انسانی جانیں چلی گئی ہیں مگر وزراء بلیم گیم اور میمز بنانے پر لگے ہوئے ہیں۔12 سال سے صوبے کی حکمران پارٹی کی بے حسی افسوسناک اور شرمناک ہے۔ اب عوام کو بھی جان لینا چاہیے کہ ان پر کیسے سنگ دل لوگ مسلط ہیں اور وہ کن افراد کو منتخب کرتے ہیں جو دکھ میں بھی ان کے ساتھ نہیں ہیں۔
اہم خبریں سے مزید