کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سیاسی منافقت کی انتہا ہے، پنجاب میں بیٹھ کر حافظ نعیم سندھ بلدیاتی نظام کو ٹارگٹ کر رہے ہیں، حالانکہ بلدیاتی انتخابات پنجاب میں نہیں ہوئے، لگتا ہے وہ ابھی تک میئر نہ بن پانے کے صدمے سے نہیں نکلے ہیں۔ جماعت اسلامی کو کبھی عوام کے ووٹ سے کراچی کی میئرشپ نہیں ملی،ان کے دو میئر آمریت کے مرہون منت تھے، مخالفین تعمیری سیاست کریں، نفرت پر مبنی بیانات کے ذریعے عوام کو گمراہ نہ کریں۔ ایک بیان میں جماعت اسلامی کے امیرکے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی نظام اپنی آئینی حدود کے اندر کام کر رہا ہے، جماعت اسلامی کا کام ہمیشہ عوام کو گمراہ کرنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حافظ نعیم کو سندھ کے بلدیاتی نظام سے اتنا ہی مسئلہ ہے تو وہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بھی اسی شد و مد سے آواز کیوں نہیں اٹھاتےان کی جانب سے اپنی سیاسی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے حکومت سندھ پر الزامات لگانا مناسب نہیں۔شرجيل انعام میمن نے کہا کہ وہ شاید بھول رہے ہیں کہ پی ٹی آئی کے جن ممبران پر انہوں نے مقدمے قائم کئے تھے، انہوں نے حافظ نعیم کو میئر کے انتخابات کے وقت ووٹ دینا پسند نہیں کیا۔