کراچی( رپورٹ/ اختر علی اختر)سردار جی 3 کی شاندار کامیابی‘دلجیت دوسانجھ نے پاکستان میں ناظرین کے زبردست ردِ عمل کی جھلک سوشل میڈیا پرشیئر کر دیں۔عالمی شہرت یافتہ بھارتی پنجابی اداکار اور سنگر دلجیت دوسانجھ نے اپنی نئی فلم سردار جی3کو پاکستان میں ملنے والے بھرپور اور زبردست عوامی پذیرائی کی ایک جھلک مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر ویڈیوز اور تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے دکھایا کہ کس طرح پاکستانی سینماؤں میں فلم کو بے حد پسند کیا جا رہا ہے ۔ دلجیت نے اپنی پوسٹ میں لکھا:"پاکستان سے ملنے والا محبت بھرا ردِ عمل دیکھ کر دل خوش ہو گیا۔ وہاں کے سینماؤں میں جو جوش و خروش ہے، وہ دیکھ کر میں بہت جذباتی ہو گیا ہوں۔"فلم سردار جی 3 کی کہانی اور دلجیت کی پرفارمنس کو پاکستانی ناظرین کی طرف سے خوب سراہا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر پاکستانی مداحوں نے بھی فلم کے مختلف سینز اور ڈائیلاگز پر اپنے تاثرات کا اظہار کیا ہے۔یہ مثبت ردِ عمل ایسے وقت میں آیا ہے، جب فلم کی بھارت میں ریلیز پر تنازع جاری ہے، مگر پاکستان میں فلم کو خوب پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔