کراچی(اسٹاف رپورٹر)محرم الحرام کے موقع پر ایسٹ زون پولیس کی جانب سے زون کے تینوں اضلاع ایسٹ، ملیر اورکورنگی میں سیکیورٹی کےفول پروف اور مربوط انتظامات کو حتمی شکل دے کر 229 امام بارگاہوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ،ڈی آئی جی ایسٹ زون ڈاکٹر فرخ علی کی زیرنگرانی سیکیورٹی پلان نہایت منظم اور مؤثر انداز میں مرتب کیا گیا ہے جس کے تحت مختلف مکتبہ فکر کے منتظمین اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تفصیلی اجلاس بھی منعقد کئے گئے ہیں،ایسٹ زون میں اہل تشیع کی جانب سے 389 جلوس اور اہلسنت کی جانب سے 175 جلوس نکالے جائیں گے جبکہ 3409مجالس منعقد ہوں گی ،ایسٹ زون میں 1875سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے ، جلوسوں کے روٹس اور گزرگاہوں کو بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مکمل سوئیپنگ کے بعد سیل کیا جائے گا اور غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع ہوگا بلند عمارتوں پر اسنائپرز تعینات کئے جائیں گے۔ایسٹ زون میں 8، 9 اور 10 محرم الحرام کوکمانڈ اینڈ کنٹرول کا نظام مزید مؤثر ہوگا،ڈی آئی جی ایسٹ زون ڈاکٹر فرخ علی کے احکامات پر ایسٹ زون کے تینوں ڈسٹرکٹ میں حساس مقامات پر ٹارگیٹڈ کومبنگ اور سرچ آپریشنز کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔