اسلام آباد(ایوب ناصر، خصوصی نامہ نگار) کروڑوں روپے کے فراڈ اور کرپشن میں ملوث ریلوے کنسٹریکشن پاکستان لمیٹڈ کے 3 سابقہ افسران گرفتار کر لیے گئے ، ملزمان کو جمعہ کو عدالت میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا، ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے جمعرات کو سید نجم سعید ، محمد زبیر حسین اور مہر النساء کو گرفتار کر لیا ، سید نجم سعید ریل کاپ اسلام آباد میں بطور چیف ایگزیکٹو آفیسر ، محمد زبیر حسین بطور کنٹرولر فنانس اینڈ اکاؤنٹس اور مہر النساء بطور ڈائریکٹر کمرشل اینڈ مارکیٹنگ تعینات رہے ہیں، گرفتار ملزمان نے مبینہ طور پر ملزم عرفان حمید خان چیئرمین انڈس ویلی انڈسٹریل جنکشن کے ساتھ ملی بھگت کرتے ہوئے مختلف سرکاری ترقیاتی منصوبوں کے ٹینڈرز میں 14 جعلی بینک گارنٹیز جمع کروائی, مذکورہ جعلی بینک گارنٹیز کی مجموعی مالیت 1 ارب 16 کروڑ 73 لاکھ 1 ہزار 905 روپے تھی۔