اسلام آباد (رپورٹ: حنیف خالد)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین راشد محمود لنگریال کی مشاورت کے ساتھ ایف بی آر کے ممبر ایڈمن/ایچ آر نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے، ریزرو افسر، مسٹر رضا اندریاس، انسپکٹر-آئی آر (بی ایس-16) ریجنل ٹیکس آفس سرگودھا کو ان کی غیر حاضری کے باعث ملازمت سے برطرف کرنے کا حکم دیا ہے ،فیصلے کے مطابق، مسٹر رضا اندریاس کو 30 دن کے اندر اس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا حق دیا گیا ہے۔ مسٹر اندریاس کو 5 جنوری 2025 سے اپنی ذمہ داریوں پر واپس آنے کی ہدایت کی گئی تھی لیکن انہوں نے نہ تو اس کی تعمیل کی اور نہ ہی شوکاز نوٹس کا جواب دیا۔ تفصیل کے مطابق، مسٹر رضا اندریاس کو 4 نومبر 2024 کو 26 دن کی ایکسپاکستان رخصت دی گئی تھی جس کے بعد 6 دسمبر 2024 کو اس رخصت میں مزید 30 دن کی توسیع کی گئی۔ اس توسیع کے دوران یہ واضح طور پر ہدایت کی گئی تھی کہ مزید رخصت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس کے باوجود، انہوں نے 5 جنوری 2025 سے مزید 365 دن کی ایکس پاکستان رخصت کی درخواست دی تھی، جو کہ متعلقہ اتھارٹی نے مسترد کر دی۔ انہیں 16 جنوری 2025 کو اس درخواست کے مسترد ہونے کے بارے میں مطلع کیا گیا تھا اور ساتھ ہی انہیں فوری طور پر اپنے فرائض میں واپس آ کر کام شروع کرنے کی ہدایت کی گئی۔ تاہم، اس کے باوجود انہوں نے نہ تو دفتر میں واپس آ کر کام شروع کیا اور نہ ہی کسی قسم کا جواب دیا۔ اس سلسلے میں شوکاز نوٹس کئی بار مختلف ذرائع سے انہیں بھیجا گیا، بشمول ای میل، واٹس ایپ اور ان کے رہائشی پتہ پر آفیشل نوٹس سرور کے ذریعے۔ ایک مرتبہ تو ان کے گھر پر موجود شخص نے اپنے آپ کو ان کا بھائی ظاہر کیا لیکن اس نے ان سے کسی قسم کا تعلق ہونے سے انکار کیا، جس کے بعد شوکاز نوٹس ان کے گھر کے دروازے پر آویزاں کر دیا گیا۔