• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی برادری کو پائیدار امن کیلئے انصاف، انسانی وقار کو بنیاد بنانا ہوگا، چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے مشرق وسطیٰ، جنوبی ایشیا اور مشرقی یورپ میں جاری کشیدگیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ پائیدار امن کے لیے عالمی برادری کو انصاف، مکالمے اور انسانی وقار کو بنیاد بنانا ہوگا ، امن صرف جنگ کے نہ ہونے کا نام نہیں، بلکہ یہ انصاف کی موجودگی اور تنوع کا احترام ہے۔"چیئرمین سینیٹ نے پاکستان میں دہشت گردی اور علاقائی عدم استحکام کے تجربات کا ذکر کرتے ہوئے اپنے بیٹے کے طالبان کے ہاتھوں اغوا کا ذاتی حوالہ بھی دیا، انہوں نے عالمی طاقتوں سے اپیل کی کہ وہ خاص طور پر جنوبی ایشیا میں مسئلہ کشمیر جیسے دیرینہ تنازعات کے حل کے لیےصرف مفادات نہیں بلکہ اخلاقی ذمہ داری کے تحت عمل کریں، انھوں نے ان خیالا ت کا اظہاروینس میں بین الاقوامی امن کانفرنس بعنوان "آج کے عالمی امن کو درپیش چیلنجز" کے حوالے سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ اس اہم عالمی کانفرنس میں یورپ اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے ممتاز مذہبی، سیاسی اور علمی رہنماؤں نے شرکت کی، جن میں وینس، تریویزو، وِچنزا اور پیاچنزا کے آرچ بشپ، ارکانِ پارلیمنٹ، سول اتھارٹیز اور عالمی امن کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کے نمائندگان شامل تھے۔ یہ کانفرنس معروف امن علمبردار ڈاکٹر پال بھٹی کی زیرِ قیادت منعقد کی گئی، جس کا مقصد دنیا میں بڑھتے ہوئے تنازعات، ناانصافی اور عدم برداشت کے ماحول میں مکالمے اور اجتماعی جدوجہد کو فروغ دینا تھا۔
اہم خبریں سے مزید