اسلام آباد ( آن لائن ) وفاقی وزارت سیفران نےچاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کو باقاعدہ خط ارسال کیا ہے۔ جس میں ذرائع کے مطابق اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے اعلیٰ حکام اور پولیس سربراہان کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے خلاف کسی بھی نوعیت کی کارروائی سے گریز کریں۔ خط میں واضح کیا گیا ہے کہ افغان پی او آر ہولڈرز کی وطن واپسی کی مدت میں توسیع پر غور جاری ہے، اس لیے فی الوقت کوئی سختی نہ برتی جائے۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں لاکھوں افغان مہاجرین سالہا سال سے قیام پذیر ہیں، جن کے لیے حکومت کی طرف سے پی او آر کارڈ جاری کیے گئے تھے تاکہ ان کی قانونی حیثیت برقرار رہے۔ اب ان کی واپسی کے معاملے پر نرمی کے اس فیصلے سے ہزاروں خاندانوں کو وقتی ریلیف ملے گا۔