• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ،  حماس حملے میں اسرائیلی فوجی ہلاک، 11 شدید زخمی، 4 لاپتہ، بھوک سے مزید 10 فلسطینی جاں بحق

کراچی (نیوز ڈیسک) غزہ میں حماس کے حملے میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک، 11شدید زخمی ہوگئے جبکہ4لاپتہ ہیں۔ قابض ریاست کوبڑا عسکری دھچکا،شدید فائرنگ کے دوران اہلکاروں کو نکالنے کیلئے ہیلی کاپٹر بھیجے، ہلاک فوجیوں کی تعداد 455 ہوگئی ۔دوسری جانب غزہ کے نہتے عوام پر صہیونی حملے جاری، شہادتیں 63ہزار 371تک پہنچ گئیں، ادھربھوک سے مزید 10فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔ مغربی کنارے میں آبادکاروں نے فلسطینی گاؤں پر دھاوابول دیا۔ڈنمارک کا اسرائیلی وزرا پر پابندیوں ، یورپی تجارتی معاہدہ معطل کرنیکا عندیہ ، اقوام متحدہ کا کہنا ہے غزہ سٹی آپریشن سے مزید 10لاکھ فلسطینی بے گھر ہو نگے۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ اپنے چار لاپتہ فوجیوں کی تلاش کر رہی ہے۔رپورٹس کے مطابق غزہ سٹی کےزیتون محلے میں اسرائیلی فوجیوں پر حماس کےالقسام بریگیڈزکے جنگجوؤں نے گھات لگا کر حملہ کیا۔ شدید فائرنگ کے دوران اسرائیلی فوج نے فوجیوں کو نکالنے کے لیے ہیلی کاپٹر بھیجے۔اس تازہ ہلاکت کے بعد جنگ کے آغاز سے اب تک غزہ میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 455 ہوگئی ہے۔دوسری جانب غزہ کی وزارت صحت کے مطابق مجموعی طور پر اکتوبر 2023 سے اب تک 63 ہزار 371 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 59 ہزار 835 زخمی ہوچکے ہیں، جبکہ قحط و غذائی قلت کے باعث صرف 24 گھنٹوں میں 10 مزید اموات بھی ریکارڈ کی گئیں۔ ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور ہوکر نسیرا کیمپ کے مغرب میں کھلے میدانوں میں بدترین حالات میں مقیم ہیں جہاں بھوک، بیماری اور بے گھر ہونے کی اذیت شدت اختیار کرگئی ہے۔ اس دوران ڈنمارک نے اسرائیلی وزراء پر ممکنہ پابندیوں اور یورپی یونین کے ساتھ تجارتی معاہدہ معطل کرنے کا عندیہ دیا ہے۔اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ غزہ سٹی آپریشن سے 10 لاکھ مزید افراد بے گھر ہوسکتے ہیں، امریکہ نے فلسطینی صدر محمود عباس کو اقوام متحدہ کے اجلاس کے لیے ویزا دینے سے انکار کردیا ہے جبکہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں نے جیرکو کے قریب فلسطینی گاؤں شلہ العوجہ پر دھاوا بولا ہے۔

دنیا بھر سے سے مزید