کراچی (نیوز ڈیسک) نئی 250ڈالر ویزا فیس سے امریکہ میں سفری بحران مزید گہرا ہونیکا خدشہ؛ یہ فیس ان مسافروں کو متاثر کریگی جو ویزا چھوٹ پروگرام میں شامل نہیں جیسے کہ میکسیکو، بھارت، اور چین؛ امریکہ کے سفر کیلئے میکسیکو، ارجنٹائن اور برازیل جیسے ممالک سے آنے والے مسافروں کی تعداد میں اضافہ۔ ویزا فیس کے اضافے کے بعد امریکہ کا ویزا حاصل کرنے کی کل لاگت 442ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جو کہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ مہنگی فیسوں میں سے ایک ہے۔ تفصیلات کے مطابق غیر ملکیوں کے امریکہ سفر پر 250 ڈالر کی نئی ’’ویزا انٹیگریٹی فیس‘‘ کا اطلاق کیا گیا ہے، جس سے پہلے سے ہی مشکلات کا شکار سفری صنعت پر مزید دباؤ بڑھنے کا خطرہ ہے۔ یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امیگریشن پر سخت پالیسیوں اور کئی غیر ملکی ممالک کے ساتھ مخالفانہ رویے کی وجہ سے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی تعداد میں مسلسل کمی ہو رہی ہے۔امریکی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق، جولائی میں امریکہ کا غیر ملکی سفر سال بہ سال 3.1 فیصد کم ہوکر 1.92 کروڑ (19.2 ملین) وزیٹرز تک پہنچ گیا۔ یہ رواں سال کا پانچواں مہینہ تھا جس میں کمی دیکھنے میں آئی، حالانکہ توقع کی جا رہی تھی کہ 2025 میں غیر ملکی آنے والے سیاحوں کی سالانہ تعداد وبا سے پہلے کی سطح یعنی 7.94 کروڑ (79.4 ملین) کو آخرکار عبور کر لے گی۔