• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آپریشن بُنیان مرصوص میں کامیابی پر بیرونی حمایت کے بھارتی الزامات حقائق کے منافی ہیں، فیلڈ مارشل

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے کہا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص میں پاکستان کی کامیابی میں بھارت کی جانب سے بیرونی حمایت جیسے الزامات غیر ذمہ دارانہ اور حقائق کے منافی ہیں‘بھارت آپریشن سندور کے دوران اپنے مقرر کردہ فوجی اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا‘ خالصتاً دوطرفہ فوجی تصادم میں دیگر ملکوں کو شامل کرنا بھارت کی ناقص سیاسی کوشش ہے‘جنگیں میڈیا کی بیان بازی، درآمد شدہ فینسی جنگی ساز و سامان یا سیاسی نعرے بازی سے نہیں جیتی جاتیں‘جنگیں یقین محکم ‘پیشہ ورانہ قابلیت ، آپریشنل شفافیت، اداروں کی مضبوطی اور قومی عزم وحوصلے کے ذریعے جیتی جاتی ہیں‘ پاکستان کی خود مختاری اور سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا بغیر کسی ہچکچکاہٹ کے منہ توڑ، شدید، گہرا، تکلیف دہ اور سوچ سے بڑھ کر زیادہ سخت جواب دیا جائے گا‘سول اورملٹری اداروں میں ہم آہنگی کا فروغ ضروری ہے ۔پیرکو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے دورے کے دور ان فیلڈ مارشل نے نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کرنے والے مسلح افواج کے فارغ التحصیل افسران سے خطاب کرتے ہوئے جنگ کے بدلتے ہوئے کردار پر روشنی ڈالی ۔فیلڈ مارشل نے کہاکہ بیرونی حمایت جیسے الزامات بھارت کی آپریشن بنیان مرصوص میں پاکستان کی کامیابی کو تسلیم کرنے میں روایتی ہچکچا ہٹ کی عکاسی کرتے ہیں اور پاکستان کی دہائیوں پر مبنی حکمتِ عملی، مقامی صلاحیت اور مضبوط اداروں کی بنیاد پر کامیابی کو تسلیم کرنے سے گریزاں ہے‘آپریشن سندور میں ناکامی کی غیر منطقی توجیہات پیش کرنا ،دراصل بھارت کی آپریشنل تیاری اور اسٹریٹجک دور اندیشی کی کمی کو ثابت کرتا ہے،کسی بھی مہم جوئی، پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش یا اس کی خلاف ورزی کا بغیر کسی ہچکچکاہٹ کے فوری اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔انڈیا کی طرف سے اس طرح کے بے بنیاد بیانات کا مقصد خطے میں فرضی نیٹ سکیورٹی پر وائڈرکے خود ساختہ رول کی ناکام کوشش ہے ، وہ بھی ایسے وقت میں جب خطے کے ممالک بھارت کی جارحانہ اور ہندوتوا نظریے سے تنگ ہیں۔ 

اہم خبریں سے مزید