کراچی (جنگ نیوز) میوزک کے متوالوں کا انتظار ختم! پاکستان کے سب سے بڑے میوزیکل شو ʼʼپاکستان آئیڈلʼʼ کے آڈیشنز اتوار کو کراچی کے آرٹس کونسل میں منعقد ہوں گے۔ آڈیشنز کا سلسلہ صبح9 بجے سے شروع ہوگا۔ شہر قائد کے مختلف علاقوں سے نوجوان گلوکار اور شوقین فنکار اپنی آواز کا جادو جگانے کے لیے پرجوش ہیں۔کراچی آرٹس کونسل کے در و دیوار آج سریلے نغموں اور دلکش دھنوں سے گونج اُٹھیں گے۔ موسیقی سے محبت رکھنے والے طلبہ، طالبات اور پروفیشنل سنگرز بڑی تعداد میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لیے پہنچیں گے۔ واضح رہے کہ ʼʼپاکستان آئیڈلʼʼ اس سے قبل لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں اپنے رنگ جما چکا ہے اور اب کراچی کے فنکاروں کی باری ہے کہ وہ اپنی آواز کے ذریعے دلوں پر راج کریں۔