• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹھیکیدار طاقتور اور رکن پارلیمنٹ ہے، شاید ہی کسی کا احتساب ہوسکے، خواجہ آصف

سیالکوٹ (آئی این پی )وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں ورلڈ بینک کے تعاون سے بننے والے ایک بڑے پروجیکٹ کی سڑک کی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں سڑک پر بڑے بڑے گڑھوں کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ٹھیکیدار طاقتور اور رکن پارلیمنٹ ہے، دولت کی کوئی انتہا ہی نہیں، شاید ہی کسی کا احتساب ہو سکے۔ خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا یہ PICIIP کا ایک پروجیکٹ ہے، سیکڑوں ڈالر کے ورلڈ بینک کے قرض سے دو شہروں سیالکوٹ اور ساہیوال میں کئی سال سے کام ہو رہا ہے، کام کے معیار کا اندازہ ویڈیو سے لگا لیں۔ وفاقی وزیر نے لکھا کہ یہ سیالکوٹ میں خادم علی روڈ ہے اور اس کے نیچے PICCIP کے ٹھیکدار نے پائپ ڈالے ہیں، اس سے باقی کام کی کوالٹی کا اندازہ بھی لگایا جا سکتا ہے، شہر کے باہر ڈسپوزل بنی ہے لیکن سسٹم ابھی چالو نہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ ٹھیکیدار طاقتور ہے، آپ اندازہ لگا لیں وہ ہماری پارلیمنٹ کے رکن بھی ہیں، دولت کی کوئی انتہا ہی نہیں، شاید ہی کسی کا احتساب ہو سکے، میرا حلقہ ہے اس لیے آواز اٹھانا میرا فرض ہے۔ یاد رہے کہ چند روز قبل بھی خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں کہا تھا سڑکو ں اور پلوں کی تعمیر میں کرپشن ہوتی ہے اس لیے وہ ایک بارش کی مار ہوتی ہیں۔
اہم خبریں سے مزید