کوئٹہ(این این آئی)دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے کی صورت میں بلوچستان کے اضلاع جعفر آباد، اوستہ محمد اور صحبت پور میں سیلاب آنے کا خدشہ ہے، صوبائی حکومت نے محکمہ آب پاشی کو الرٹ کردیا۔16 مختلف علاقوں میں فلڈ کنٹرول سینٹرز قائم کیے گئے ہیں ڈی جی پی ڈی ایم اے نے صورتحال کو مانیٹر کرنے کیلئے نصیر آباد میں کیمپ آفس قائم کرلیا۔ یہ بات صوبائی وزیر آب پاشی صادق عمرانی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی بتائی انہوں نے کہا کہ دریا ئے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے کی صورت میں دو اور تین ستمبر کو سیلاب پانی بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے جس سے صوبے کے علاقے جعفرآباد، روجھان، اوستہ محمد، صحبت پور کے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ صادق عمرانی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت سندھ حکومت کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے اور صورتحال پر نظر رکھی ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ آب پاشی نے 16مختلف علاقوں میں فلڈ کنٹرول سینٹرز قائم کر کے اپنے انتظامات مکمل کرلئے ہیں ان کیمپس میں ضروری مشینری منتقل کردی گئی ہے دوسری جانب ڈی جی پی ڈی ایم اے جہاں زیب خان نے بتایا کہ ممکنہ سیلاب کے پیش نظر میں نے اپنا کیمپ آفس نصیر آباد میں قائم کرلیا ہے سندھ سے ملحقہ تینوں اضلاع میں محفوظ مقامات کی نشاندھی کرلی ہے جہاں کیمپ قائم کئے جا رہے ہیں۔