کراچی (اسٹاف رپورٹر)گارڈن انٹرچینج کے قریب زیر تعمیر عمارت کے 2مزدورں کو بھتے کی پرچی دینے اور انھیں فائرنگ سے کرنے میں ملوث ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی جبکہ گارڈن پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا جس میں بھتہ خوری ، اقدام قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعہ کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق گارڈن انٹر چینج کے قریب زیر تعمیر عمارت میں بھتے کی پرچی اور فون نمبر دینے کی یفوٹیج منظر عام ہر آگئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار 2ملزمان عمارت کے باہر آتے ہیں جس میں شلوار قیمض اور سر پر پی کیپ لگائے ایک ملزم اندر آتا ہے جس نے اپنے شناخت چھپانے کے لیے چہرے پر ماسک بھی لگایا ہوا تھا وہ چوکیدار کو بھتے کی پرچی دیتا ہے اور اسلحہ نکال کر اسے یرغمال بنا کر عمارت کے اندر لیجاتے ہوئے دکھائی دیا جس کے بعد ملزم کی فائرنگ سے 2مزدور زخمی ہوگئے ، گارڈن پولیس نے واقعہ کا مقدمہ نمبر 354 سال 2025 بجرم دفعات 384 ، 385، 324اور انسداد دہشت گردی کی دفعہ سیون اے ٹی اے کے تحت پلاٹ کے چوکیدار عاشق کی مدعیت میں نامعلوم بھتہ خوروں کیخلاف درج کرلیا ، مدعی مقدمہ نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ ملزم نے اسے بھتے کی چار پرچیاں دیتے ہوئے دھمکی دی کہ ٹھیکیدار سے بولنا کہ اس نمبر پر رابطہ کرلینا ورنہ انجام بہت برا ہوگا ، مدعی کے مطابق بھتہ خور نے اس کی کمر پر پستول رکھی ہوئی تھی اور کہا کہ کوئی پیچھے نہیں آئیگا اور کچھ قدم چلنے کے بعد اس نے فائرنگ کر دی جس میں تو بچ گیا لیکن فائرنگ سے سائٹ سپروائزر جمیل اور مزدور جہانگیر گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے ، گارڈن پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کے لیے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) کے حوالے کر دیا ۔