• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیپرا کا جولائی کے بلوں میں بجلی صارفین کو ریلیف دینے کا اعلان

اسلام آباد /کراچی(اسرار خان …طاہر عزیز) نیپرا نے بدھ کے روز جولائی کے بجلی کے بلوں میں صارفین کو ریلیف دینے کا اعلان کیا ہے۔ نیپرا نے سرکاری ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کو 0.495 روپے فی یونٹ اور کےالیکٹرک کو 4.0349 روپے فی یونٹ واپس کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔  نیپرا نے بجلی نظام میں خرابیوں اور 116ارب روپے کے نقصانات پربرہمی کا اظہار  کیا۔کے الیکٹرک سے مطالبہ کیا کہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ  اور فوری اصلاحی اقدامات کیے جائیں۔صارفین کو ریلیف کا فیصلہ مئی (ڈسکوز) اور اپریل (کے الیکٹرک) کے ماہانہ فیول چارج ایڈجسٹمنٹ (FCA) کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے صارفین کے لیے وقتی راحت ہے، تاہم نیپرا نے خبردار کیا ہے کہ بجلی کے نظام میں موجود مستقل خرابیاں اور بدانتظامی نہ صرف لاگت میں اضافہ کر رہی ہیں بلکہ قومی گرڈ پر بوجھ بھی بڑھا رہی ہیں۔یہ ریفنڈ تمام صارفین پر لاگو ہوگا سوائے لائف لائن صارفین، تحفظ یافتہ گھریلو صارفین، الیکٹرک گاڑی چارجنگ اسٹیشنز (EVCS) اور پری پیڈ میٹر صارفین کے۔ڈسکوز نے اصل میں 0.1015 روپے فی یونٹ اضافی چارجز کی اجازت مانگی تھی، لیکن نیپرا نے یہ درخواست مسترد کرتے ہوئے صارفین کو ریفنڈ دینے کا حکم دیا۔ کے-الیکٹرک نے 4.69 روپے فی یونٹ کی واپسی کی تجویز دی تھی، تاہم نیپرا نے 4.0349 روپے فی یونٹ کی منظوری دی۔فیصلے کے ساتھ جاری سخت الفاظ پر مبنی ٹیکنیکل نوٹ میں نیپرا کے رکن (ٹیکنیکل) نے کےالیکٹرک اور سرکاری ڈسکوز دونوں کو ناقص کارکردگی، بارہا ناکامیوں اور اربوں روپے کے قابلِ گریز نقصانات پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

اہم خبریں سے مزید