کراچی (امداد سومرو)پاکستان رینجرز (سندھ) نے صوبائی حکومت سے سندھ کے چھ اضلاع میں آپریشنل انفرااسٹرکچر اور رہائشی سہولتوں کی تعمیر کے لیے 306 ایکڑ اراضی فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔دی نیوز کو موصول ہونے والی سرکاری خط و کتابت کے مطابق، نیم فوجی فورس نے مِٹھی (تھرپارکر)، نیو چھور (عمرکوٹ)، نارو (خیرپور)، کھپرو (سانگھڑ)، خاکی ڈرو (گھوٹکی) اور ڈیہہ نبو بخش (لاڑکانہ) میں اراضی مانگی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان عبدالرشید چنا نے دی نیوز کو بتایا کہ سندھ حکومت رینجرز کے لیے مستقل بنیادوں پر رہائش کے مسئلے کو حل کرنا چاہتی ہے، لیفٹیننٹ کرنل محمد قیصر منصور کی جانب سے ڈی جی رینجرز سندھ کی ہدایت پر ایک خط سیکریٹری لینڈ یوٹیلائزیشن ڈیپارٹمنٹ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری اور دیگر متعلقہ حکام کو ارسال کیا گیا، جس میں ہر ضلع میں درکار اراضی کی تفصیل دی گئی ہے:تعلقہ چھاچھرو، تھرپارکر (مٹھی) میں 16 ایکڑ، نیو چھور، عمرکوٹ میں 50 ایکڑ، تعلقہ نارو، خیرپور میں 24 ایکڑ،تعلقہ کھپرو، سانگھڑ میں 71 ایکڑ، خاکی ڈرو، گھوٹکی میں 100 ایکڑ، ڈیہہ نبو بخش، لاڑکانہ میں 45 ایکڑ اراضی مانگی گئی ہے، خط کے مطابق، رینجرز کی ابتدائی تعیناتی میں انفراسٹرکچر کی ضروریات کو مدِنظر نہیں رکھا گیا تھا۔ اس مسئلے کے حل کے لیے، بورڈ آف ریونیو نے 3 جولائی 2006 کو 13 اضلاع میں مفت اراضی دینے کی منظوری دی تھی۔ یہ اراضی 19 اکتوبر 2007 کو الاٹ کی گئی، اور مزید 6 اضلاع میں 2 جولائی 2008 کو زمین فراہم کی گئی۔