اسلام آباد(اسرار خان )پی آئی اے کی نجکاری کا عمل اڑان بھرنے کو تیار ہے اور یوں پاکستان اپنی خسارے میں چلنے والی قومی ایئرلائن کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کے ایک اور مرحلے کے قریب پہنچ گیا ہے، کیونکہ تمام چار شارٹ لسٹ کیے گئے سرمایہ کار گروپ آئندہ ہفتے پی آئی اے کے کراچی ہیڈکوارٹر میں تفصیلی بریفنگ کا آغاز کریں گے۔یہ مرحلہ قومی ایئرلائن کی نجکاری کے شفاف اور مسابقتی عمل میں نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ اس کا مقصد ممکنہ بولی دہندگان کو پی آئی اے کی سرگرمیوں کا براہ راست مشاہدہ فراہم کرنا ہے۔ اس مرحلے میں، باخبر ذرائع کے مطابق، چاروں کنسورشیا کے نمائندوں کو پی آئی اے ہیڈ آفس میں ادارے کی آپریشنل، مالیاتی اور حکمتِ عملی سے متعلق پہلوؤں پر جامع بریفنگ دی جائے گی۔ موضوعات میں بیڑے (فلیٹ) کا حجم، ملکی و بین الاقوامی روٹس، ملازمین کی ساخت، آمدنی کے ذرائع اور آپریشنل چیلنجز شامل ہوں گے۔پی آئی اے انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مکمل تیاری کے ساتھ سرکاری ریکارڈز پیش کرنے اور سرمایہ کاروں کی جانب سے کیے گئے سوالات کا تسلی بخش جواب دینے کے لیے تیار رہے۔