کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے تحت مورو سانحہ کے شہداء زاہد لغاری اور عرفان لغاری کے خون سے انصاف کے لیے، بے گناہ کارکنان کی گرفتاریوں کے خلاف، کارپوریٹ فارمنگ کے ذریعے سندھ کی زمینوں پر قبضے، سندھ کے پانی پر ڈاکے اور معدنی وسائل پر قبضے, 26 اور 27 ویں آئینی ترمیم اور پیکا ایکٹ کے خلاف اتوار کو31اگست کومورو مارچ ہوگا، جس کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ مارچ کی قیادت سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر سید زین شاہ کریں گے۔ پارٹی ترجمان کے مطابق، مارچ کے شرکاء صبح دس بجے گوٹھ لغاری بجارانی میں شہداء کے مزارات پر حاضری دیں گے، بعد ازاں پیدل مارچ کا آغاز کیا جائے گا جو مورو شہر تک جاری رہے گا۔ مارچ میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد، وکلاء، طلباء، اساتذہ اور خواتین بھی بڑی تعداد میں شریک ہوں گی۔ مختلف بار ایسوسی ایشنز، سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی نے مورو مارچ کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔