کراچی( ٹی وی رپورٹ)جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں میزبان شاہزیب خانزادہ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل بی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ دریائے ستلج میں قصور کے مقام پر 1955 کا ریکارڈ ٹوٹا ہے لاہور اب مکمل طور پر محفوظ ہے۔وزیر آبپاشی سندھ جام خان شورو نے کہا کہ اس وقت صوبائی حکومت ایکٹو رول ادا کر رہی اور ہائی فلڈ کی تیاری کی جارہی ہے۔سابق سیکریٹری خزانہ، سابق نگراں صوبائی وزیریونس ڈھاگا نےکہا کہ کراچی کو اس کے حق کے مطابق دے دیاتو مسائل حل ہوجائیں۔پروگرام میں میزبان شاہزیب خانزادہ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل بی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے مزید کہا کہ 24سے 48گھنٹے راوی کیلئے اہم ہیں،شاہدرہ پر خطرہ کافی حد تک کم ہوگیا، کل رات دو لاکھ بیس ہزار کیوسک پانی یہاں سے گزر رہا تھا جبکہ ابھی ایک لاکھ اکسٹھ ہزار ہے۔لاہوراب مکمل طور پر محفوظ ہے۔اگلے چوبیس سے اڑتالیس گھنٹے یہ اوکاڑہ، ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ وغیرہ دریائے راوی پر سخت ہوں گے۔