• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی ایشیا پیچیدہ سکیورٹی دلدل میں پھنس چکا ہے، جنرل (ر) زبیر محمود حیات

اسلام آباد(صالح ظافر)سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (CJCSC) جنرل زبیر محمود حیات نے خبردار کیا ہے کہ جنوبی ایشیا ایک پیچیدہ سیکیورٹی دلدل میں پھنس چکا ہے، جسے بحرانوں سے نمٹنے کے مؤثر طریقہ کار، علاقائی سیکیورٹی فریم ورک اور مختلف شعبوں میں بامعنی روابط کی عدم موجودگی مزید سنگین بنا رہے ہیں۔انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز میں تھاٹ لیڈرز فورم سے خطاب کے دوران انہوں نے تنبیہ کی کہ جنوبی ایشیا کے لیے "قیامت کی گھڑی" اب صرف 30 سیکنڈ باقی دکھا رہی ہے، جو بھارت کی تیزی سے بدلتی اسٹریٹجک سوچ، نظریاتی تبدیلی اور عسکری طاقت میں اضافے کی وجہ سے مزید عدم استحکام کا شکار ہو چکی ہے۔وہ انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد کے "تھاٹ لیڈرز فورم" میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے۔ اس سیشن کا موضوع تھا"جنوبی ایشیا اور اس سے آگے :امن اور استحکام"۔اپنی فکرانگیز گفتگو میں جنرل زبیر محمود حیات نے کہا کہ جنوبی ایشیا اس وقت استحکام کی دہلیز سے نیچے موجود ہے۔ انہوں نے "امن" کی نوعیت پر سوالات اٹھاتے ہوئے نتیجہ اخذ کیا کہ حقیقی امن نہ تو مسلط کیا جا سکتا ہے، نہ خریدا جا سکتا ہے، اور نہ ہی بیرونی قوتوں سے حاصل کیا جا سکتا ہے — امن صرف "انصاف، اعتماد اور خودمختار مساوات" کے ذریعے حاصل کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے بھارت کی اسٹریٹجک خام خیالی، ’دُووال ڈاکٹرائن‘ سے ’مودی ڈاکٹرائن‘ کی منتقلی، اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے "ریورس ڈیٹرنس" (یعنی پاکستانی عزم کی مزید مضبوطی) پر روشنی ڈالی۔
اہم خبریں سے مزید