کراچی(اسٹاف رپورٹر) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (جے ایس ایم یو) کے تعاون سے, جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے شعبہ آرتھوپیڈک سرجری نے "کمپلیکس پرائمری ٹی کے اے لائیو سرجری اور ورکشاپ" کا کامیاب انعقاد کیا، جس میں پاکستان کے معروف آرتھرو پلاسٹی ماہرین نے شرکت کی۔ یہ ورکشاپ ان پیچیدہ گھٹنے کی سرجریوں پر مرکوز تھی جن میں شدید بگاڑ، ہڈیوں کے نقائص اور حادثاتی چوٹوں جیسے مسائل شامل ہوتے ہیں۔ وائس چانسلر جے ایس ایم یو، پروفیسر امجد سراج میمن نے اس موقع پر کہا کہ"اس قسم کی سرگرمیاں پاکستان بھر میں سرجری کے معیار کو بلند کرنے اور مریضوں کے علاج کے نتائج کو بہتر بنانے کے لیے نہایت اہم ہیں۔" ورکشاپ کے سرپرست اعلیٰ پروفیسر ڈاکٹر شاہد نور، پروفیسر ڈاکٹر مسعود عمر اور پروفیسر ڈاکٹر امین چنائے نے انتہائی پیچیدہ کیسز کے انتظام پر اپنے تجربات اور آراء پیش کیں۔ پروفیسر ڈاکٹر جگدیش کمار اور ڈاکٹر پرویز علی کی قیادت میں شرکاء نے جدید تکنیکوں کے ذریعے عملی تربیت حاصل کی۔ انہوں نے کہا "پیچیدہ گھٹنے کی تبدیلی میں ایک ملی میٹر کا فرق یا ایک ڈگری کی غلطی پروستھیسس کی کارکردگی اور عمر پر گہرا اثر ڈال سکتی ہے۔ اس ورکشاپ کا مقصد سرجری کے عمل میں مکمل درستگی حاصل کرنا تھا۔" یہ تربیتی نشست پاکستان میں سرجری کی تربیت کے ایک نئے معیار کا تعین کرتی ہے، جو آرتھوپیڈک سرجنز کو جدید مہارتیں فراہم کرتا ہے تاکہ وہ پیچیدہ کیسز کو مؤثر طریقے سے سنبھال سکیں اور شدید گھٹنے کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے لیے بہتر نتائج ممکن بنائیں۔