• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ اردو میں مالی و انتظامی بے ضابطگیاں، ایچ ای سی نے آڈٹ کمیٹی بنا دی

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین نے فیڈرل اردو یونیورسٹی آف آرٹس، سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد اور کراچی دونوں کیمپسز میں مالی اور انتظامی بے ضابطگیوں کے حوالے سے موصول ہونے والی متعدد شکایات کے پیشِ نظر 4 رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے، جو اردو یونیورسٹی میں گورننس اور ہیومن ریسورس کے معاملات کا آڈٹ کرے گی۔ 

کمیٹی کے کنوینر مشیر ایچ ای سی انجینئر محمد رضا چوہان ہوں گے جب کہ اراکین میں وزارتِ تعلیم و پیشہ ور تربیت کے سینئر جوائنٹ سیکریٹری آفتاب رشید، ڈائریکٹر جنرل ریجنل سینٹر کراچی نذیر حسین اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر (کوآرڈینیشن)، ایچ ای سی، اسلام آباد حماد بن سیف رکن/سیکریٹری ہوں گے۔ 

یہ کمیٹی اردو یونیورسٹی کے گورننس، مالیاتی انتظام اور سروس سے متعلقہ طریقوں، قابلِ اطلاق سروس رولز، بھرتی کے ضوابط اور شکایات کے ازالے کے طریقہ کار کی تعمیل کا جائزہ لے گی۔ 

کمیٹی متعلقہ حکام اور فورمز کے سامنے زیر التواء قانونی اور ریگولیٹری معاملات کا جائزہ بھی لے گی۔

کمیٹی کو اختیار ہو گا کہ وہ اردو یونیورسٹی میں قانونی یا انتظامی عہدوں پر فائز افراد کے ذریعے استعمال کیے جانے والے اختیارات اور افعال کا اندازہ کرے چاہے وہ باقاعدہ، عبوری یا اضافی چارج کی بنیاد پر ہوں اور اختیارات کی زیادتی یا غلط استعمال کی کسی بھی مثال کی جانچ کرے گی۔

خاص طور پر فیکلٹی اور عملے کے خلاف ہراساں کرنے، امتیازی سلوک اور انتقامی کارروائی کے اثرات کی مثالوں کا جائزہ لے گی۔

کمیٹی مشاہدات کو ثابت کرنے اور تصدیق کرنے کے لیے یونیورسٹی کے حکام، فیکلٹی اور عملے کے ساتھ رابطہ کرے گی، یہ کمیٹی 15 روز کے اندر نتائج اور قابلِ عمل سفارشات کے ساتھ ایک جامع رپورٹ جمع کروائے گی۔

قومی خبریں سے مزید