کراچی(این این آئی)سندھ ہائیکورٹ نے موٹر سائیکلوں کی نمبر پلیٹس کی تبدیلی کے خلاف فوری سماعت کی درخواست مسترد کردی ۔عدالت عالیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ درخواست چھٹیوں کے بعد پیش کی جائے۔منگل کوسندھ ہائیکورٹ میں موٹر سائیکلوں کی نمبر پلیٹس کی تبدیلی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔مشتاق تنولی ایڈووکیٹ نے کہا کہ یہ فوری نوعیت کا معاملہ ہے ہزاروں موٹر سائیکل سواروں کے چالان ہو رہے ہیں۔جس پر جسٹس ذوالفقار سانگی نے ریمارکس دیئے کہ یہ کچھ ہزار روپوں کا معاملہ چھٹیوں میں لے کر آگئے، لوگوں کے دیگر اہم کیسز بھی ہیں۔عدالت نے فوری سماعت کی درخواست مسترد کردی اور کہا درخواست چھٹیوں کے بعد پیش کی جائے ۔یاد رہے سماجی کارکن فیضان حسین نے نمبر پلیٹس کی تبدیلی کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کی ہے۔