وزیر ریلوے حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے بچوں نے پاکستان آکر انتشار پھیلانے کی کوشش کی تو پھر گرفتاری چھوٹی بات ہے۔ معاملات آگے بڑھیں گے، ایسی کسی بھی کوشش کے خلاف سارا کچھ ہوگا۔
لندن میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے بچوں کا حق ہے کہ وہ پاکستان جا کر اپنے والد سے ملیں۔ لیکن، انتشار پھیلانے کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ غیر ملکیوں کو پاکستان آکر کسی تحریک کی قیادت کرنے کی آئین اجازت نہیں دیتا، اوورسیز پاکستانیوں اور ان میں بڑا فرق ہے، یہ برطانیہ میں پیدا ہوئے، خود کو کبھی پاکستانی نہیں کہا۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کی پاکستان آمد سے ہماری صحت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، مجھے شک ہے کہ جمائما بیٹوں کو پاکستان جانے کی اجازت نہیں دیں گی۔
حنیف عباسی نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا پر پاکستان کی دھاک بیٹھی ہوئی ہے، فیلڈ مارشل اور وزیراعظم کے حوالے سے پوری دنیا پاکستان کو گلے لگا رہی ہے، اس وقت کوئی پاکستان میں انتشار پیدا کر سکے اس کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، پاک بھارت کی جنگ کے دوران بانی پی ٹی آئی کی بہنوں نے کیا کہا، کیا وہ پاکستان کے ساتھ کھڑی تھیں؟
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں دستیاب سہولتوں پر جھوٹ بول رہے ہیں، ہرچیز مرضی کی ملتی ہے، بانی پی ٹی آئی کسی فائیو اسٹار ہوٹل میں نہیں بلکہ جیل میں رہ رہے ہیں، نواز شریف اور مریم نواز نے بڑے جگرے کے ساتھ جیل کاٹی اور اُف تک نہ کی۔
حنیف عباسی نے مزید کہا کہ شیخ رشید کو روتے دیکھ کر مجھے بڑا دکھ ہوا، ثاقب نثار نے اپنے محسن نواز شریف کی کمر میں چھرا گھونپا۔