کراچی (اسٹاف رپورٹر)لیاری میں ایک اور رہائشی عمارت گرنے کا واقعہ پیش آیا، لیاری کھڈا مارکیٹ میںجمعرات کو رہائشی عمارت بالائی منزل گرنے سے 2بہنیں جاں بحق اوربچیوں سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے ۔ادھر منظور کالونی میں زیر تعمیر مکان کی چھت گرنے سے ملبہ میں دب کر تین افراد زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق بغدادی تھانے کی حدود لیاری کھڈا مارکیٹ گلی نمبر3میںواقع 6منزلہ رہائشی عمارت کی دومنزلوں کی چھت اچانک گرگئی ، جاں بحق خواتین کی شناخت 40سالہ حرمت زوجہ رفیق اور 40سالہ حمیدہ زوجہ رضوان کے نام سے کی گئی اور وہ دونوں آپس میں بہنیں تھیں جبکہ زخمیوں میں 12 سالہ بچی جویرہ دختررفیق،15 سالہ حرا دختر رفیق اورسکنہ دختر عبدالرحمان شامل ہیں، ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضان نے بتایا ہےکہ چھت گرنے کے واقعے میں جاں بحق اورزخمی افراد متاثرہ عمارت کی پانچویں منزل پر رہائش پذیر تھے ، عمارت کی چھٹی منزل پر واقع فلیٹ میں رہائش پذیرعبدالغنی نامی شخص اپنےفلیٹ کی چھت کی مرمت کروا رہا تھا اورچھت پرشیٹرنگ لگی ہوئی تھی اورمزدورکام کررہے تھے کہ اسی دوران عمارت کی چھٹی منزل کے فلیٹ کے ایک کمرے کی چھت پانچویں منزل پراورپانچویں منزل کی چھت چوتھی منزل پر آگری ۔کے ایم سی محکمہ فائر بریگیڈ کے چیف فائر اینڈ ریسیکو افسر ہمایوں خان نے بتایا کہ دوپہر ایک بج کر 40 منٹ پر مذکورہ عمارت کی چھت گرنے کی اطلاع موصول ہوئی ، لیاری میں عمارت کے گرنے کا یہ دوسرا تیسرا نہیں پانچواں چھٹا واقعہ ہے۔ ایک مخدوش عمارت سے 22 افراد کو ریسیکو کیا گیا۔ایک عمارت گرنے کے واقعہ میں 27 افراد جاں بحق ہوئے ،اگرہ تاج میں بھی ایک واقعہ ہوا۔ دوسری جانب منظور کالونی میں زیر تعمیر مکان کی چھت گرنے سے ملبہ میں دب کر تین افراد زخمی ہوگئے ۔زخمیوں کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔دو زخمیوں کو زیادہ چوٹیں لگنے کی وجہ سے اسپتال میں داخل کرلیا گیا ہے۔ ایک زخمی کو طبی امداد دے کر گھر بھیج دیا گیا ہے ۔زیر تعمیر مکان کا ملبہ تاحال اٹھایا نہیں جاسکا۔ معمولی زخمی محمد حنیف نے بتایا کہ وہ بازار لگانے کا کام کرتے ہیں۔ان کے پڑوسی محمد اکمل گھر بنارہے تھے ۔وہ نماز کی ادائیگی کے بعد گھر آرہے تھے کہ پڑوسی کا زیر تعمیر مکان دیکھنے چھت پر آئے ۔اس وقت ان کا پڑوسی اکمل اور مزدور موجود تھا۔مزدور چھت پر اینٹیں رکھ رہا تھا کہ شاید وزن برداشت نہ کرنے کی وجہ سے چھت گرگئی اور ہم ملبہ تلے دب کر زخمی ہوگئے ۔انہوں نے بتایا کہ مالک مکان اور مزدور کو زیادہ زخم آئے ہیں۔