مغربی بنگال کی وزیرِ اعلیٰ ممتا بنرجی نے ہفتے کے روز بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے لیے جلد صحت یابی کی نیک تمناؤں کا اظہار کیا، جو اپنی آنے والی فلم ’کنگ‘ کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ممتا بنر جی جو خان کے ساتھ ایک گہرا تعلق رکھتی ہیں اور انہیں پیار سے اپنا ’بھائی‘ کہتی ہیں، انہوں نے شاہ رخ خان کے زخمی ہونے کی خبر پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
مغربی بنگال کی وزیرِ اعلیٰ ممتا بنرجی نے ایکس پر لکھا ہے کہ میرے بھائی شاہ رخ خان کے شوٹنگ کے دوران چوٹوں کا شکار ہونے کی خبروں نے مجھے فکر مند کر دیا ہے، ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔
میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان ممبئی میں شوٹنگ کے دوران زخمی ہوئے، لیکن ان کے زخم کی نوعیت کے بارے میں ابھی تک مکمل تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں، وہ علاج کے لیے امریکا روانہ ہو گئے ہیں اور انہیں ایک ماہ آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔
شاہ رخ خان کے زخمی ہونے پر فلم کنگ کا جولائی تا اگست شوٹنگ کا شیڈول منسوخ کر دیا گیا ہے، اب اس کی فلم بندی ستمبر کے بعد دوبارہ شروع ہونے کی توقع ہے۔
شاہ رخ خان کی منیجر پوجا ددلانی کی طرف سے اس حوالے سے کوئی تصدیق نہیں کی گئی ہے، لیکن ان کی حالیہ انسٹاگرام اسٹوری سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ شاید نیویارک میں ہیں۔
شاہ رخ خان کی فلم کنگ کے ہدایت کار سدھارتھ آنند ہیں اور اس فلم میں شاہ رخ خان کے ساتھ سہانا خان اور سوربھ شکلا مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق دیپیکا پڈوکون، رانی مکھرجی، ابھیشیک بچن، جیکی شیروف، راگھو جویال اور انیل کپور بھی اس فلم کی بڑی کاسٹ کا حصہ ہیں۔