پشاور( لیڈی رپورٹر )خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے گندھارا ہندکو اکیڈمی کے لئے بجٹ میں فنڈزمختص نہ کرنا زیادتی ہے ،ممبران قومی و صوبائی اسمبلی وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور سے اپنے صوابدیدی فنڈز میں سے گندھارا ہندکو اکیڈمی کو فنڈز کی فراہمی کی سفارش کریں۔ان خیالات کا اظہار گندھارا ہندکو بورڈپشاور کے جنرل سیکرٹری محمد ضیاء الدین نے بورڈ کے فنڈز کی فراہمی کے حوالے سے کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ 2015 سے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت قائم گندھارا ہندکو اکیڈمی نہ صرف ہندکو بلکہ دیگر زبانوں کی ترویج و ترقی کے لئے بھی خدمات انجام دے رہی ہے، اس سے پہلے صوبے میں زبانوں کے حوالے سے کوئی اکیڈمی قائم نہیں تھی، بورڈ نے نہ صرف 7 عالمی ہندکو کانفرنسوں کا کامیاب انعقاد کیا بلکہ خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں9علاقائی زبانوں کی کانفرنسوں کا انعقاد کر کے لسانی یکجہتی کا ثبوت دیا۔ گندھارا ہندکو اکیڈمی کی نمایاں خدمات اور بہترین کارکردگی کی بدولت اس اکیڈمی کو علمی و ادبی اداروں کی جانب سے اسٹیٹ آف دی آرٹ اکیڈمی قرار دیاگیا۔