• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اداکارہ تنوشری دتہ کی رونے والی سوشل میڈیا ویڈیو پر صارف سے بحث

—تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
—تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

اداکارہ تنوشری دتہ نے سوشل میڈیا پر روتے ہوئے ویڈیو شیئر کی جس پر کمنٹ میں صارف سے ان کی بحث ہو گئی۔

اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر زار و قطار روتے ہوئے اداکارہ نے کہا تھا کہ مجھے اپنے ہی گھر میں ہراسانی کا سامنا ہے، میں نے اس معاملے میں پولیس سے رابطہ کیا ہے۔

ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد ایک انسٹاگرام صارف نے ان کے دعوؤں پر سوال اٹھایا کہ وہ یہ سب لائم لائٹ (شہرت) میں رہنے کے لیے کر رہی ہیں۔


مذکورہ صارف نے تبصرے میں لکھا تھا کہ میں تنوشری میم کا مداح ہوں، لیکن اس بار مجھے لگتا ہے کہ وہ لائم لائٹ میں رہنا چاہتی ہیں، میں غلط ہو سکتا ہوں، لیکن ایسا ہی لگتا ہے، اگر میری باتوں سے آپ کو دکھ پہنچا ہو تو معذرت، لیکن آپ کی ویڈیو دیکھ کر مجھے یہی محسوس ہوا۔

اس تبصرے کا جواب دیتے ہوئے تنوشری نے لکھا کہ واقعی؟ تمہاری پروفائل دیکھی ہے، تم نے آج ہی یہ انسٹا اکاؤنٹ یہ تبصرہ کرنے کے لیے بنایا ہے۔

ایک اور انسٹاگرام صارف نے تبصرہ کیا کہ نوٹنکی کرنا بند کرو میڈم، لوگ تمہاری اصلیت جان گئے ہیں،بار بار ڈرامہ کرتی ہو، ہم سب تمہاری تھرڈ کلاس ایکٹنگ سے تنگ آ چکے ہیں، اگر تم ممبئی میں محفوظ نہیں ہو تو امریکا واپس چلی جاؤ اور اگر کچھ سچ ہے تو اپنی جان خطرے میں کیوں ڈال رہی ہو؟ نانا پاٹیکر ایک عظیم انسان اور بالی ووڈ کے بہترین اداکار ہیں، انہیں بدنام کرنے کی کوشش مت کریں، اگر کام نہیں مل رہا تو یہ سب کر کے بھی کچھ کام نہیں ملے گا، بالی ووڈ میں سب تمہیں جان گئے ہیں۔

جواب میں تنوشری نے کہا کہ میں نے تو اس پوسٹ میں نانا کا نام بھی نہیں لیاتھا، اسے کہتے ہیں چور کی داڑھی میں تنکا۔

ویڈیو میں تنوشری نے بتایا کہ میں مسلسل ہراسانی کا مقابلہ نہیں کر پا رہی اور پولیس سے رابطہ کرنے پر مجبور ہوں۔

ویڈیو کے کیپشن میں انہوں نے لکھا ہے کہ میں اس ہراسانی سے تنگ آچکی ہوں، یہ 2018ء سے می ٹو کے بعد سے جاری ہے، آج تنگ آ کر میں نے پولیس کو فون کیا، براہ کرم کوئی میری مدد کرے، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے، کچھ کریں۔

تنوشری دتہ کے می ٹو الزامات

تنوشری دتہ نے 2008ء میں فلم ہارن اوکے پلیز کے سیٹ پر نانا پاٹیکر پر انہیں جنسی طور پر ہراساں کرنے کے سنگین الزامات لگائے تھے، نانا پاٹیکر نے ان الزامات کی تردید کی تھی۔

اداکارہ نے اکتوبر 2018ء میں ایف آئی آر درج کرائی تھی، 2019ء میں پولیس نے نانا پاٹیکر کو جنسی ہراسانی کے الزامات سے بری کر دیا تھا۔

تنوشری دتہ آخری بار 2013ء کی فلم ’سپر کاپس ورسز سُپر ولنز‘ میں اسکرین پر نظر آئی تھیں، ان کی دیگر فلموں میں گڈ بوائے بیڈ بوائے، عاشق بنایا آپ نے اور ڈھول شامل ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید