بھارتی ریپر، گلوکار، گیت نگار، میوزک پروڈیوسر اور ٹیلی ویژن پرسنالٹی ادیتیا پراتیک سنگھ المعروف بادشاہ نے اپنے حریف گلوکار و ریپر ہردیش سنگھ عرف یو یو ہنی سنگھ کے ساتھ پرانی دشمنی کو پھر ہوا دے دی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ بادشاہ ابھی صلح کے موڈ میں نہیں ہیں، حال ہی میں انہوں نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایک صارف کو جواب دیتے ہوئے ہنی سنگھ پر طنزیہ جملہ کسا۔
اس سے قبل ایسا لگتا تھا کہ دونوں نے ماضی کی تلخیوں کو 2024 میں پیچھے چھوڑ دیا ہوگا تاہم بادشاہ کے مذکورہ طنز کچھ اور کہہ رہا ہے۔
ایک انٹرنیٹ صارف نے ہنی سنگھ کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کی زبردست جسمانی تبدیلی پر کیپشن لگایا: انھوں نے کیا کھایا؟ جس پر بادشاہ نے ایک جملے پر مبنی جواب دیا: کریڈٹس۔
واضح رہے کہ بادشاہ اور ہنی سنگھ نے اپنے کیریئر کی شروعات ایک ساتھ کی تھی، جب وہ ریپر گروپ "مافیا منڈیر" کے رکن تھے۔ اس بینڈ نے کئی مقبول گانے گائے۔ یہ بینڈ آخری بار 2012 میں ایک ساتھ نظر آیا۔
بعد ازاں ان میں اختلافات اور کھلے عام تلخ کلامی ہوئی۔ جس کے بعد بادشاہ اور ہنی سنگھ نے راہیں جدا کر لیں اور ایک دوسرے پر سوشل میڈیا پر طنز کرنے لگے۔
تاہم گزشتہ برس دھیرہ دون میں ایک کنسرٹ کے دوران بادشاہ نے ہنی سنگھ کے ساتھ ماضی کی طویل تلخیوں کو بھلانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا تھا۔