• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کلیدی کردار کے سبب مسئلہ کشمیر کو پہلی بار جرأت سے اٹھایا گیا: چوہدری طارق فاروق

— تصاویر بشکریہ رپورٹر
— تصاویر بشکریہ رپورٹر

امریکا کی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کے لیے ایک شاندار اور یادگار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ 

ممتاز تاجر، سیاسی و سماجی رہنما اور وزیراعظم آزاد کشمیر کے سابق کوآرڈینیٹر ملک عابد حسین (عابد ملک) نے اپنی رہائش گاہ پر پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے جنرل سیکریٹری اور حکومت آزاد کشمیر کے سابق سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق کے اعزاز میں پُرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا۔

تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری طارق فاروق نے میزبان ملک عابد حسین کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اوورسیز کمیونٹی میں اس طرح کی تقریبات اتحاد اور یگانگت کو فروغ دیتی ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے ہمیشہ وطن عزیز کو مضبوط بنانے میں پیش پیش رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی اپنی محنت اور محبت سے وطن کی عزت اور وقار میں اضافہ کر سکتے ہیں۔

انہوں نے مسئلہ کشمیر پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیوں نے ہمیشہ حق کے معرکے میں سر فخر سے بلند کیے ہیں۔ حالیہ بھارت سے جنگ میں فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پاک افواج کا کردار اور وزیر اعظم شہباز شریف کی کاوشیں قابلِ فخر ہیں۔ اس جنگ میں فتح نے پوری قوم کا سر دنیا بھر میں فخر سے بلند کیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے جنرل سیکریٹری کا کہنا تھا کہ پہلی بار عالمی سطح پر جس جرأت اور مضبوط مؤقف کے ساتھ مسئلہ کشمیر کو بھی اٹھایا گیا، اس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کردار کلیدی رہا۔

اس موقع پر میزبان ملک عابد حسین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں مشکور ہوں کہ جنرل سیکریٹری مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر چوہدری طارق فاروق نے میری دعوت قبول کی اور ڈیلس تشریف لائے۔ 

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ناصرف پاکستان کی سیاست بلکہ امریکا کی سیاست میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ کمیونٹی کی آواز مزید مضبوط ہو۔

تقریب کے اختتام پر مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور دیگر شرکاء نے عزم ظاہر کیا کہ عوامی خدمت، سیاسی استحکام اور ترقی کے سفر کو جاری رکھا جائے گا اور اوورسیز پاکستانی اس مشن میں کلیدی کردار ادا کرتے رہیں گے۔

خیال رہے کہ اس خصوصی تقریب میں امریکا بھر سے اوورسیز کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد، سیاسی و سماجی رہنما اور کاروباری شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ قبل ازیں چوہدری طارق فاروق کی آمد پر ان کا پُرجوش استقبال کیا گیا اور گلدستے پیش کیے گئے۔

تقریب میں شرکت کرنے والی نمایاں شخصیات میں سابق صدر مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ امریکا اور ممبر مرکزی مجلس عاملہ آزادکشمیر عرفان الحسن چوہدری، چیئرمین مسلم لیگ (ن) برطانیہ چوہدری جہانگیر حسین، صدر مسلم لیگ (ن) آئیرلینڈ چوہدری ندیم اختر، چوہدری عمران الحق، مسعود بھٹی، عمران احمد چوہدری، مرزا عزیز الرحمٰن، فیاض احمد مرزا، جارجیا سے نعیم احمد اور عمران الحق، صدر مسلم لیگ (ن) ٹیکساس سبیل عباسی، عابد بیگ اور ڈاکٹر ریاض حیدر شامل تھے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید