• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیلر سوئفٹ کے 13 مومی مجسمے نصب، ایراز ٹور کے مشہور انداز کو خراجِ تحسین

تصاویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
تصاویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

دنیا بھر میں مداحوں کے دلوں پر راج کرنے والی امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے اعزاز میں معروف ویکس میوزیم مادام تساؤ نے 13 نئے ویکس مجسمے نصب کیے ہیں، یہ مجسمے ٹیلر سوئفٹ کے مشہور ایراز ٹور (Eras Tour) کے مختلف انداز اور ملبوسات سے متاثر ہیں۔

یہ پہلا موقع ہے کہ مادام تساؤ نے بیک وقت اتنی بڑی تعداد میں ایک ہی شخصیت کے مومی مجسمے دنیا کے مختلف شہروں میں پیش کیے ہوں، ان مجسموں کو 23 جولائی کو لانچ کیا گیا، جو 4 براعظموں کے 13 شہروں میں رکھے گئے ہیں۔

لندن اور بلیک پول میں 2 مجسمے برطانیہ کی نمائندگی کریں گے، جبکہ باقی مجسمے ایمسٹرڈیم، برلِن، بڈاپیسٹ، ہالی ووڈ سمیت دیگر شہروں کے میوزیم میں رکھے جائیں گے۔

مادام تساؤ کی گلوبل برانڈ ڈائریکٹر لارا شیئرڈ نے اس موقع پر کہا کہ ٹیلر سوئفٹ نئی نسل کی نمائندہ اور ثقافت پر گہرا اثر ڈالنے والی شخصیت ہیں، وہ موسیقی، فیشن، فلم، سماجی شعور اور معیشت تک میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایراز ٹور کی شاندار کامیابی کے بعد یہ بالکل مناسب وقت تھا کہ ہم ان کے یادگار انداز کو ویکس مجسموں کی شکل میں محفوظ کریں۔ 13 ٹیلر کا لکی نمبر بھی ہے، اس لیے ہم نے 13 مجسمے دنیا بھر میں نصب کیے تاکہ زیادہ سے زیادہ مداح ان سے لطف اندوز ہو سکیں۔

یاد رہے کہ ٹیلر سوئفٹ کا ایراز ٹور 2023ء کے آخر میں مکمل ہوا، جسے ناصرف دنیا بھر کے مداحوں نے سراہا بلکہ اس نے عالمی موسیقی کی تاریخ میں نئے ریکارڈ بھی قائم کیے، اس ٹور کے دوران گلوکارہ نے اپنے مختلف موسیقی ادوار کو اسٹیج پر دوبارہ زندہ کیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید