اسلام آباد (ایوب ناصر ، خصوصی نامہ نگار) فرینڈز آف پولیس انٹرن شپ پروگرام کے طلبہ و طالبات نے آ ئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی دعوت پر جمعہ کو سیکیورٹی ڈویژن اسلام آباد کا مطالعاتی دورہ کیا۔ ڈی ایس پی ڈپلومیٹک محمد ایوب اعوان نے طلبہ کو سیکیورٹی ڈویژن کی مختلف برانچز کا دورہ کرایا، طلباء کو سیکیورٹی ڈویژن کے فرائض اور اہم ذمہ داریوں کے بارے بریف کیا گیا۔ طلبہ و طالبات کو گھڑ سواری کا عملی تجربہ بھی کرایا گیا، ایس ایس پی سیکیورٹی محمد سرفراز ورک نے پولیس نظام پر تفصیلی بریفنگ دی۔ایس ایس پی سیکیورٹی محمد سرفراز ورک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ و طالبات اس ملک کا سرمایہ اور اسلام آباد پولیس کے سفیر ہیں، ملک و قوم کی ترقی کا دارومدار نوجوان نسل پر ہے، نوجوان نسل کا تعلیمی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا قابل ستائش ہے ۔