• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کا سوشل میڈیا اداروں سے دہشت گرد گروہوں کے اکاؤنٹس بند، ڈیٹا شیئر کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی حکومت نے بین الاقوامی سوشل میڈیا اداروں سے پروپیگنڈا پھیلانے والے کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے اکاؤنٹس بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد گروہ سوشل میڈیا پر بھرتیاں کر رہے ، واٹس ایپ سمیت دیگر پلیٹ فارمز کے ذریعے پروپیگنڈا پھیلا رہے ہیں،پاکستان عالمی سطح پر دہشت گردی کیخلاف مضبوط مورچہ ہے،حکومت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ،قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان سماجی مسائل اور دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی پر بہتر ہم آہنگی چاہتی ہے۔ جمعہ کو وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک کے ہمراہ اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آزادی اظہار کو خاموش نہیں بلکہ دہشت گردی کے خلاف دیوار بنا رہے ہیں، پاکستان عالمی سطح پر دہشت گردی کے خلاف ایک مضبوط مورچہ ہے، پاکستان نے دہشت گردی سے منسلک سوشل میڈیا کے سینکڑوں اکاؤنٹس کا پتہ لگایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سوشل میڈیا کمپنیاں پروپیگنڈا پھیلانے والے کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے اکاؤنٹس کریںاور فرضی اکاونٹس چلانے والے افراد کا ڈیٹا بھی وفاقی حکومت کے ساتھ شیئر کریں۔طلال چوہدری نے کہا کہ دہشت گرد تنظیمیں اور وہ افراد جنہیں امریکا، برطانیہ میں کالعدم قرار دیا گیا اور اقوامِ متحدہ کی جانب سے ان پر پابندیاں بھی عائد ہیں، وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ایکس، فیس بک اور واٹس ایپ پر متحرک ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2014میں بننے والے نیشنل ایکشن پلان کا مقصد بھی دہشت گردوں کے خلاف ایک متحدہ قومی کوشش کے ذریعے کارروائی کرنا ہے اور اس میں میڈیا اور سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا پھیلانے والوں کے خلاف اقدامات بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیپ کے ایجنڈے میں دہشت گردوں اور دہشت گرد تنظیموں کی پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے تعریف یا ان کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے پر پابندی عائد کرنا اور انٹرنیٹ و سوشل میڈیا کے دہشت گردی میں غلط استعمال کے خلاف اقدامات شامل ہیں۔

اہم خبریں سے مزید