کراچی، لاہور(اسٹاف رپورٹر، نمائندہ جنگ) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی بینک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے کراچی میں مستند خریداری ماہر تعینات کرے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی بینک کے مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ، افغانستان اور پاکستان ریجن کے نائب صدر اسمان دیون کی قیادت میں ملاقات کرنے والےوفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے لیاقت یونیورسٹی جامشورو میں مدر اینڈ چائلڈ اسپتال کا افتتاح کر تے ہوئے کہا کہ صحت کی جدید سہولت سندھ و جاپان دوستی کا مظہر ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے حکومت سندھ کی ترجیحات پر زور دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ منصوبوں کے موثر نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے عالمی بینک فوری طور پر کراچی میں ایک مستند خریداری ماہر تعینات کرے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ سندھ انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونیٹولوجی (SICHN) کے تحت سالانہ پانچ لاکھ سے زائد بچوں کو علاج کی سہولت مل رہی ہے، اور یہاں 262 سے زائد انکیوبیٹرز کے ساتھ ملک کا سب سے بڑا سرکاری نیونٹل کیئر نیٹ ورک قائم کیا گیا ہے،مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں بالخصوص ماں اور بچے کی شرح اموات میں نمایاں کمی ایک بڑی کامیابی ہے، نئی سہولت کی بدولت اب صوبے میں چوبیس گھنٹے طبی خدمات کا دائرہ مزید وسیع ہو رہا ہے۔