اسلام آباد(عاطف شیرازی ۔نامہ نگار) پبلک اکاونٹس کی ذیلی کمیٹی نے ایف بی آر کو ہدایت کی ہے کہ اربوں روپے کے ٹیکس نادہندگان کے شناختی کاررڈز کو بلاک کیا جائے،پی اے سی ذیلی کمیٹی نے ایک ماہ کی مہلت دی ،پراگرس رپورٹ طلب کرلی ۔اجلاس میں انکشاف ہوا کہ ایف بی آر 42ارب روپے نادہندگان سے وصول کرنے میں ناکام ہو گیا ہے۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا کنوینر شاہدہ اختر علی کی زیر صدارت اجلاس گزشتہ روز ہواجس میں ریونیو ڈویژن سے متعلق سال 2010ـ11 اور 2013ـ14 کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔ایف بی آر کی جانب سے 42 ارب 54 کروڑ کے واجبات کی ریکوری نہ ہونے سے متعلق آڈٹ اعتراض کا معاملہ آڈٹ حکام کی جانب سے اٹھایا گیا جس پرکمیٹی نے ریکوری میں زیادہ پراگریس نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔