اسلام آباد(آئی این پی)مہنگائی سے تنگ عوام کے لیے بری خبر‘ آئندہ مہینوں میں بجلی کے بلوں میں نمایاں اضافے کا امکان ہے۔حکومتِ پاکستان کی جانب سے بجلی کے صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے شروع کیا گیا سستی بجلی پیکیج اب اختتامی مراحل میں داخل ہو چکا ہے کیونکہ اس میں شامل متعدد سہولتیں رواں ماہ کے آخر تک ختم ہو رہی ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال کی تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت دیا جانے والا 1.55 روپے فی یونٹ کا ریلیف جولائی کے اختتام پر ختم ہو جائے گا۔ اس سے قبل، 4.51 روپے فی یونٹ کا ریلیف بھی ختم ہو چکا ہے، جس میں کراچی کے صارفین کے لیے مخصوص 3.61 روپے فی یونٹ کی کمی بھی شامل تھی۔اس کے علاوہ دوسری سہ ماہی کی ایڈجسٹمنٹ کے تحت 1.90 روپے فی یونٹ اور پیٹرولیم لیوی میں 1.71 روپے فی یونٹ کی کمی بھی جون کے مہینے میں ہی ختم ہو چکی ہے۔اس کے ساتھ ہی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (FCA) کے تحت صرف ڈسکوز (DISCOs) کے صارفین کو حاصل 90 پیسے فی یونٹ کا ریلیف بھی اب ختم ہو چکا ہے۔