معروف پروفیشنل امریکی ریسلر ہلک ہوگن کی موت کے بعد ان کی اہلیہ کا پہلی مرتبہ بیان سامنے آگیا۔
ہلک ہوگن کا 24 جولائی کو 71 برس کی عمر میں امریکا کے شہر فلوریڈا میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال ہوگیا تھا۔
ہلک ہوگن کی اہلیہ اسکائی ڈیلی نے اپنے شوہر کی موت کے چند دن بعد اب سوشل میڈیا پر بیان جاری کیا جس میں انہوں نے موت کی وجوہات اور اپنے خاوند کی موت سے قبل صحت کے بارے میں بھی بتایا۔
46 سالہ اسکائی ڈیلی نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ہلک ہوگن کی موت اچانک ہوئی، میں اس کے لیے تیار نہیں تھی، انہیں صحت کے کچھ مسائل تھے تاہم مجھے یقین تھا کہ ہم اس وقت سے نکل جائیں گے۔
انہوں نے لکھا کہ مجھے ہوگن کی طاقت پر بہت بھروسہ تھا، مجھے لگتا تھا ہمارے پاس ابھی اور وقت ہے، یہ اچانک ہونے والا نقصان ہے جس کے ساتھ آگے بڑھنا ناممکن ہے۔
اسکائی ڈیلی نے مزید لکھا کہ وہ دنیا کے لیے ایک لیجنڈ تھے لیکن میرے لیے وہ میرے پیار اور میرے ساتھی تھے۔
واضح رہے کہ اسکائی ڈیلی ہلک ہوگن کی تیسری اہلیہ ہیں، ان دونوں کی شادی ستمبر 2023 میں ہوئی تھی۔