• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا 

بھارتی حاملہ خاتون کی گاؤں میں سڑک بنوانے کی مہم رنگ لے آئی، 11 سال بعد ان کے خاندان میں بچے کی پیدائش کے ساتھ گاؤں میں سڑک کی تعمیر کا آغاز بھی ہوگیا۔

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ایک گاؤں میں حاملہ خاتون اور سوشل میڈیا انفلوئنسر لیلا ساہو کے گھر میں ننھے مہمان کی آمد ہوئی، انہوں نے  اپنے گاؤں خورد میں ایک سال تک آواز اٹھانے اور سوشل میڈیا پر ویڈیوز بنا کر مودی سرکار سے سڑک بنوانے کا مطالبہ کیا تھا۔

لیلا ساہو نے 2023ء میں ایک ویڈیو بنائی تھی جس میں انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر رہنماؤں سے سوال کیا تھا کہ مدھیہ پردیش کی تمام 29 سیٹیں آپ کو دلا دی گئیں، کیا اب ہمیں ایک سڑک مل سکتی ہے؟

بھارتی سوشل میڈیا انفلوئنسر لیلا ساہو کی بھابھی کے ہاں خوشخبری آگئی اور وہ نومولود کی چاچی بن گئی ہیں، جس کا نام انہوں نے آرادھیا رکھا ہے۔

نومولود آرادھیا کی پیدائش صرف ایک بچے کی آمد نہیں بلکہ سڑک بنوانے کیلئے کی گئی جدوجہد کا بھی نتیجہ ہے، لیلا ساہو نے اپنی ویڈیو میں کہا تھا کہ ہمارے گاؤں کی سڑک نہیں بنی ہوئی جس کی وجہ سے ان کے گھر تک ایمبولینس کا پہنچنا مشکل ہوجاتا ہے اور اس سمیت گاؤں میں بہت سی خواتین حاملہ ہیں، لہٰذا ہمیں سڑک بنا کر دی جائے تاکہ ہم آسانی سے اسپتال پہنچ سکیں۔

تازہ ترین صورتحال کے مطابق لیلا ساہو کے گاؤں میں سڑک کی تعمیر شروع ہونے کے بعد ایمبولینس با آسانی پہنچ پارہی ہے مگر پھر بھی لیلا کی بھابھی کو اپنے گاؤں سے شہر کے اسپتال پہنچنے میں دو گھنٹے لگے، کیونکہ ان کے کال کرنے کے ایک گھنٹے بعد ایمبولینس پہنچی تھی اور ایک گھنٹہ انہیں اسپتال پہنچنے میں لگا تھا۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیلا کا کہنا تھا کہ ان کی بھابھی کے ہاں بچی صحت مند پیدا ہوئی ہے، وہ خود بھی حاملہ ہے اور جلد ماں بننے والی ہے، میری صرف ایک خواہش ہے کہ ایمبولینس وقت پر آجائے۔

لیلا ساہو کا کہنا تھا کہ میرا کام سڑک کی تعمیر کے آغاز پر ختم نہیں ہوتا، کیونکہ یہ صرف ایک ایمبولینس یا ایک بچی کی بات نہیں، یہاں اور بھی 6 حاملہ خواتین ہیں، جنہیں آنے والے مہینوں میں زچگی کیلئے اسپتال جانا ہوگا، اس لیے گاؤں والوں کیلئے سڑک کا بننا ضروری ہے۔

بھارتی سوشل میڈیا انفلوئنسر لیلا ساہو نہ صرف ایک یوٹیوبر ہیں بلکہ ایک باحوصلہ اور جرات مند نوجوان خاتون بھی ہیں جنہوں نے ثابت کیا کہ ایک آواز  جب سچ کے ساتھ بلند ہو، تو پورا نظام ہل سکتا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید