• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کا انجام عبرتناک موت ہے، وزیر داخلہ

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کا انجام عبرتناک موت ہے، بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد اور ان کے سہولت کار پاکستان میں کسی جگہ محفوظ نہیں۔ انہیں ہر حال میں منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انھوں نے ان خیالات کا اظہا ر کوئٹہ میں امن و امان متعلق خصوصی اجلاس میں کیا ۔محسن نقوی نے اس موقع پر بلوچستان میں قیام امن کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بلوچستان حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان دشمن عناصر کے لیے زمین تنگ کر دی گئی ، اس ضمن میں وفاق اور صوبائی حکومت کے درمیان مکمل ہم آہنگی موجود ہے۔وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اجلاس ہفتہ کے روز وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں ہوا۔ اجلاس میں انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان، آئی جی فرنٹیئر کور (نارتھ)، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی، ڈی آئی جی سپیشل برانچ، ڈی جی لیویز، محکمہ داخلہ و قبائلی امور کے حکام اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔
اہم خبریں سے مزید