کوئٹہ ( خ ن)رکن صوبائی اسمبلی بلوچستان و پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت علی لہڑی نے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس ناسور کے خلاف جنگ جیتنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ وہ قومی انسداد پولیو مہم کے افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔پولیو مہم کے افتتاح کے دوران ایس سی بی او خالد حسین، سی بی او محمد ارتضی، سی بی شوکت علی، سی ایم قاھر خان لہڑی اور سی ایم ایمل خان بھی موجود تھے۔میر لیاقت علی لہڑی نے اس موقع پر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ انہوں نے والدین، علمائے کرام، میڈیا اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ قومی فریضے میں بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے پولیو ٹیموں سے تعاون یقینی بنائیں تاکہ ہمارا مستقبل محفوظ اور صحتمند ہو۔انہوں نے کہا کہ پولیو جیسے موذی مرض کا خاتمہ صرف حکومتی کوششوں سے ممکن نہیں بلکہ والدین اور عوام کی شراکت بھی انتہائی ضروری ہے۔ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لیے والدین اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو ہر مہم میں پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پولیو مہم کی کامیابی کے لیے تمام وسائل کا موثر استعمال یقینی بنایا جائے اور مہم کے دوران کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔