• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان کی متاثرہ یونین کونسلز میں انسداد پولیو ٹیکے لگائے جائینگے

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) ایمرجنسی آپریشن بلوچستان کے کوآرڈینیٹر انعام الحق نے کہا ہے کہ بلوچستان کے پولیو وائرس سے متاثرہ یونین کونسلز میں بچوں کو پولیو کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔ صوبے کے سو سے زائد ہائی رسک یونین کونسلز میں ایک ہفتے کی انسداد پولیو مہم 28 جولائی سے شروع ہوگی۔ 6 لاکھ کے قریب بچوں کو پولیو سے بچاو کے ٹیکے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے اور وائرس کے خاتمے کی کوششوں کے تحت، بلوچستان میں پیر، 28 جولائی سے 4 اگست 2025 تک ہفتہ بھر کی فرکشنل ان ایکٹیویٹڈ پولیو ویکسین (fIPV) مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ مہم کا ہدف صوبے کے 123 ہائی رسک یونین کونسلز ہیں جن 4 سے 59 ماہ کی عمر کے 5 لاکھ 85 ہزار 490 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔ پولیو وائرس سے متاثرہ یونین کونسلز کوئٹہ، پشین، چمن، ڈیرہ بگٹی، دکی، ژوب اور قلعہ عبداللہ کے علاقوں میں ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ مہم پولیو وائرس کی منتقلی روکنے اور کمزور بچوں میں قوتِ مدافعت بڑھانے کے لیے ایک جامع حکمت عملی کا حصہ ہے۔ مجموعی طور پر 1,835 ویکسینیشن ٹیمیں مہم میں حصہ لے رہی ہیں۔ پولیو سے بچاو کے ٹیکوں کے ساتھ ساتھ اوورل پولیو ویکسین (OPV) پولیو کے قطرے بھی پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پلائے جائیں گے۔
کوئٹہ سے مزید