کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے ترجمان طارق احمد جعفری نے کہا ہے کہ زائرین کے براستہ سڑک عراق جانے پر پابندی کا فیصلہ قابل قبول نہیں ، وفاقی حکومت فوری طور پر فیصلے پر نظرثانی کرے ۔ یہ بات انہوں نے تحریک نفاذ فقہ جعفریہ اور اس کی ذیلی تنظیموں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں وفاقی وزیر داخلہ نے تہران میں ایران ، عراق اور پاکستان کے درمیان سہ فریقی کانفرنس میں شرکت کے بعد کہا تھا کہ اس مرتبہ زائرین کیلئے ہر پہلو سے جامع پالیسی لائی جائے گی جس سے زائرین کو سہولیات میسر آئیں گی ، جس کے بعد زائرین کی ایک بڑی تعداد نے عراق جانے کیلئے درخواستیں جمع کرائیں جبکہ گروپ آرگنائزرز نے ویزہ ، ہوٹل ، ٹرانسپورٹ اور انشورنس سمیت دیگر انتظامات پر کام شروع کردیا اور درخواست جمع کرنے والوں نے ویزہ فیس بھی جمع کرادی ہے جس کے بعد ایران اورعراق کے ہوٹلوں میں زائرین کیلئے ایڈوانس بکنگ اور ٹرانسپورٹرز کو ادائیگیاں کی گئیں جس کی رقم کروڑوں روپے بنتی ہے ، اب وزارت داخلہ اور حکومت پاکستان کی جان سے براستہ سڑک عراق زیارات پر جانے پر پابندی سمجھ سے بالاتر ہے ،حکومت پاکستان اور وفاقی وزیرداخلہ فوری طور پر فیصلہ واپس لیں ۔