• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرعی یونیورسٹی کوئٹہ کوکرایہ پر دینے کا فیصلہ تعلیم دشمن ہے

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے ضلعی سیکرٹری یار محمد بریال نے زرعی یونیورسٹی کوئٹہ کونیو ٹیک کو کرایہ پر دینے کے فیصلے کو تعلیم دشمن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے کے خلاف گزشتہ روز زرعی یونیورسٹی کے سامنے احتجاجی کیمپ لگادیا گیا ہے جبکہ 29 جولائی کو طلباء اور طالبات کے ساتھ مل کر پرامن مارچ کیا جائے گا ۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر واسع خان ، زبیر خان ترین ، دوست محمد کاکڑ ، طارق خان ، شہزادہ خان ، صالح خان اور دیگر بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن روز اول سے تعلیم کے فروغ اور تعلیمی اداروں میں ہونے والے ناروا اقدامات کے خلاف جدوجہد کرتی آرہی ہے اور قومی برابری ، آئین کی بالادستی ، پارلیمنٹ کی خود مختاری ، حقیقی حکمرانی اور میڈیا کی آزادی کے لئے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے شانہ بشانہ جدوجہد کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں زرعی یونیورسٹی کوئٹہ کے احاطے میں نئی تعمیر شدہ عمارتیں جو اربوں کی لاگت سے تعمیر ہوئی ہیں نجی ادارے نیوٹیک کو کرایہ پر دینے کی کوشش کی جارہی ہے یہ فارم 47 کے حکمرانوں کی غلط پالیسی ہے جس کی مذمت کرتے ہیں ۔ 2014ء میں زرعی یونیورسٹی ایکٹ منظور ہوا لیکن 2021 میں یونیورسٹی کو مالی مشکلات کا سامنا کرنے کا بہانہ شروع کردیا گیا صوبے کی واحد زرعی یونیورسٹی کے ساتھ تعلیم دشمنی قبول نہیں اور کوشش ہم کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں گزشتہ تیس سال سے خشک سالی چل رہی ہے ، زرعی زمینں برباد ہوچکی ہیں ۔ زیارت ، شیرانی اور دیگر اضلاع میں صنوبر ، زیتون اور دیگر قیمتی جنگلات شدید خطرات سے دوچار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کی عمارت کرایہ پر دینے کے خلاف اتوار کو احتجاجی کیمپ لگا دیا گیااور 29 جولائی کو طلباء اور طالبات کے ساتھ مل کر پر امن مارچ کریں گے۔
کوئٹہ سے مزید