کوئٹہ (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن و ایم پی اے حاجی علی مدد جتک نے آج اپنی رہائش گاہ (جتک ہاؤس) پر ایک کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں سریاب مل اسکیم، کلی شاہ نواز، کلی چلتن، کیچی بیگ، مشرقی بائی پاس اور دیگر مضافاتی علاقوں سے بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے اپنے روزمرہ کے مسائل، شکایات اور تجاویز براہ راست حاجی علی مدد جتک کے گوش گزار کیں۔ انہوں نے عوام کی بات کو بغور سنا اور متعدد مسائل پر موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔ حاجی علی مدد جتک نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور عوامی خدمت کے عمل کو مزید موثر بنایا جائے گا۔شرکا نے حاجی علی مدد جتک کے اس عوام دوست اقدام کو سراہا اور انہیں ایک باہمت، درد دل رکھنے والا نمائندہ قرار دیا۔ کھلی کچہری کے دوران عوامی جوش و خروش اور نمائندے پر اعتماد کا ماحول نمایاں طور پر محسوس کیا گیا۔