کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)خضدار سے مبینہ طور پر لاپتہ عبدالغنی بلوچ کی عدم بازیابی کے خلاف اتوار کوعبدالغنی بلوچ کے اہلخانہ اور وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے زیراہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا ، اس موقع پر مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے ، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصر اللہ بلوچ اور عبدالغنی کی ہمشیرہ و دیگر نے کہا کہ عبدالغنی بلوچ کو 2 ماہ قبل خضدار میں سفر کے دوران لاپتہ کیا گیا اور اب تک اس کی گمشدگی کی ایف آئی آر تک درج نہیں کی جارہی ہے اور نہ ہی ان کے بارے میں کوئی معلومات ہیں کہ وہ کہاں ہیں جس سے اہلخانہ میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر عبدالغنی بلوچ نے کوئی جرم کیا ہے تو اسے عدالت میں پیش کیا اور قانون کے مطابق سزا دی جائے اور اگر اس نے کوئی جرم نہیں کیا ہے تو اس کو منظر عام پر لایا اور اہلخانہ سے ملاقات کرائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا پرامن احتجاج عبدالغنی بلوچ کی بحفاظت بازیابی تک جاری رہے گا ۔