• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محسن گیلانی، عائشہ خان اور فردوس جمال سے متعلق اہم انکشافات کرتے ہوئے رو پڑے

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پاکستان کے سینئر اداکار محسن گیلانی ساتھی اداکارہ مرحومہ عائشہ خان اور اداکار فردوس جمال کی زندگی سے متعلق اہم انکشافات کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔

انہوں نے نوجوان اداکاراؤں پر بھی تنقید کی اور کہا کہ جنہیں شوبز انڈسٹری غیر محفوظ لگتی ہے انہیں چاہیے کہ انڈسٹری چھوڑ دیں۔

حال ہی میں نامور اور باصلاحیت اداکار نے ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف امور پر اپنے خیالات کا کھل کر اظہار کیا۔

دورانِ انٹرویو ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اداکارہ مرحومہ عائشہ خان اور اداکار فردوس جمال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے محسن گیلانی رو پڑے اور کہا کہ عائشہ خان کے انتقال کے وقت ان کے اور ان کے بچوں سے متعلق سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں کی گئیں، لیکن میں اس وقت خاموش رہا۔ اسی طرح فردوس جمال کے لیے بھی ان کے بیٹوں کے بہت کچھ کہا جو نہیں کہنا چاہیے تھا۔

سینئر اداکار نے کہا کہ ایک اداکار نے ایک وائس نوٹ شیئر کیا جس میں عائشہ خان بتا رہی تھیں کہ بچے مجھے پیسے بھیجتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عائشہ خان اکیلے رہنا پسند کرتی تھیں، ان کے بچے بھی اپنی زندگی میں مصروف ہو گئے جبکہ فردوس جمال جیسے باصلاحیت فنکار کے بچے ان سے کیسے علیحدہ ہوگئے؟

محسن گیلانی کے مطابق فردوس جمال اور ان کے بیٹوں کے آپسی معاملات میڈیا میں نہیں آنے چاہئیں، مجھے بہت دکھ ہوا جب ان کے بیٹے نے ایک انٹرویو میں آکر کہا، ’ہم نے اپنے والد کے اسپتال کا خرچہ برداشت کیا، اگر کسی کو یقین نہیں ہے تو ہمارے پاس اسپتال کے بل موجود ہیں، چیک کرلیں۔‘

انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ جب والدین ضعیف ہوجاتے ہیں تو انہیں اپنی اولاد کے پیسے نہیں چاہیے ہوتے بلکہ ان کا وقت چاہیے ہوتا ہے۔ انہوں نے سوال اُٹھایا کہ کیا والدین کو بڑھاپے میں صرف پیسوں کی ضرورت ہوتی ہے؟ جس نے اس قدر مشکل حالات میں اپنے بچوں کو پالا ہو کیا اس کی دیکھ بھال کرنا ان کی ذمہ داری نہیں ہے؟

سینئر اداکار نے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ایسے والدین، خاص طور پر وہ مائیں جن کے بچے ایسے ہیں وہ صبر کریں اور اپنے بچوں کے لیے دعا کریں کیونکہ مائیں صرف دعا ہی دے سکتی ہیں۔

اسی پوڈکاسٹ کے دوران انہوں نے ان نوجوان اداکاراؤں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جو شوبز انڈسٹری کو خواتین کے لیے غیر محفوظ تصور کرتی ہیں۔

سینئر اداکار نے کہا کہ چند اداکارائیں ایسی ہیں جنہیں انڈسٹری میں آئے ہوئے 3 سے 4 برس ہوئے ہیں اور خود بھی عمر میں چھوٹی ہیں لیکن کہتی ہیں کہ یہ انڈسٹری خواتین کے لیے محفوظ نہیں ہے۔

محسن گیلانی نے مزید کہا کہ اگر ایسی خواتین انڈسٹری کو غیر محفوظ محسوس کرتی ہیں تو سب سے پہلے انہیں چاہیے کہ وہ انڈسٹری کو چھوڑ دیں ، وہ یہاں کیا کر رہی ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید