• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آپریشن سندور کی ناکامی کے بعد بھارت نے آپریشن مہادیو کے نام پر دوبارہ جعلی مقابلے شروع کردیے

فوٹو بشکریہ غیر ملکی میڈیا
فوٹو بشکریہ غیر ملکی میڈیا

آپریشن سندور کی ناکامی کے بعد بھارت نے آپریشن مہادیو کے نام پر دوبارہ جعلی مقابلے شروع کر دیے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت نے نیا مذموم فوجی منصوبہ ’آپریشن مہادیو‘ شروع کر دیا۔ غیر قانونی طور پر زیر حراست پاکستانیوں کو جعلی مقابلوں میں استعمال کرنے کا بھارتی منصوبہ بنایا گیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ بھارت ’آپریشن مہادیو‘ کی آڑ میں مقبوضہ کشمیر میں بڑھتی تحریکِ آزادی کو کچلنا چاہتا ہے، بھارت آپریشن مہادیو کی آڑ میں اندرون ملک سیاسی ساکھ بحال کرنا چاہتا ہے۔

پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے فوری بعد بھی بھارتی فوج نے جعلی مقابلوں کا سلسلہ شروع کیا تھا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ 24 اپریل کو دو کشمیریوں کو غلطی سے بارڈر کراس کرنے پر جعلی مقابلے میں شہید کیا گیا، بھارتی منصوبے کے تحت بھارتی جیلوں میں قید افراد کو مارنے کے بعد سرحد پار دہشت گرد قرار دیا جائے گا۔

سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر بھارتی جیلوں میں 723 پاکستانیوں کی غیر قانونی قید کی تفصیلات بتا چکے ہیں، 56 پاکستانی بھارتی خفیہ ایجنسیوں کی غیر قانونی اور جبراً حراست میں ہیں، ان 56 افراد کی تفصیلات بھی ڈی جی آئی ایس پی آر  29 اور 30 اپریل کو بتا چکے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا کو پہلے ہی سے ان افراد کی لاشوں اور پلانٹڈ ہتھیاروں کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی جا رہی ہیں، غیر قانونی حراست میں افراد کو دہشت گرد ظاہر کر کے پاکستان مخالف بیانات بھی دلوائے جا سکتے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع نے یہ بھی کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں فیک انکاؤنٹر اسپیشلسٹ کے طور پر بدنام زمانہ ہے۔ آپریشن مہادیو بھارتی فوج کی جانب سے فیک انکاؤنٹرز کا تسلسل ہے، پہلگام فالس فلیگ اور آپریشن سندور کی ناکامی میں ہزیمت اٹھانے کے بعد بھارت مکمل طور بوکھلا چکا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید