کولمبیا یونیورسٹی کے بعد ہارورڈ یونیورسٹی نے بھی ٹرمپ انتظامیہ کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہارورڈ یونیورسٹی وائٹ ہاؤس سے تنازع ختم کرنے کے لیے 500 ملین ڈالر وقف کرنے کا اعلان کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہارورڈ یونیورسٹی اس بات پر متفق ہوگئی کہ وہ ٹرمپ انتظامیہ کو رقم کی ادائیگی کرے، تاہم مالی شرائط پر مذاکرات جاری ہیں۔
اپریل میں محکمۂ تعلیم نے کہا تھا کہ پالیسیاں نہ بدلنے کی وجہ سے وہ ہارورڈ یونیورسٹی کی سوا دو ارب ڈالر کی امداد بند کر رہا ہے۔
ٹرمپ انتظامیہ نے اعلان کیا تھا کہ کولمبیا یونیورسٹی کی طرح حکومتی فنڈنگ لینے کے لیے ہارورڈ اور دیگر یونیورسٹیوں کو بھی جرمانہ دینا ہو گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں امریکا کی کولمبیا یونیورسٹی نے قانونی جنگ ختم کرنے اور وفاقی فنڈنگ پر ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ سے ڈیل کر لی تھی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق نیویارک کی کولمبیا یونیورسٹی کا کہنا تھا کہ کئی وفاقی ایجنسیوں کی تحقیقات کا معاملہ حل کرنے کے لیے امریکی حکومت کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔
معاہدے کے مطابق 3 سال کے دوران وفاقی حکومت کو 20 کروڑ ڈالر ادا کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ کولمبیا یونیورسٹی پر الزام ہے کہ اس نے کیمپس میں یہودی طلباء کو ہراسانی سے روکنے کے لیے ناکافی اقدامات کیے۔ ٹرمپ انتظامیہ نے یونیورسٹی کی 400 ملین ڈالرز امداد منسوخ کی تھی۔