لاہور(کر ائم رپو رٹرسے)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر سنگین جرائم میں ملوث مجرمان کیخلاف غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں کے اعزاز میں سنٹرل پولیس آفس میں تقریب منعقد کی گئی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایاکہ آئی جی پنجاب نے گوجرانوالہ، فیصل آباد، جہلم، مظفر گڑھ کے افسران و اہلکاروں کو تعریفی اسناد اور کیش ایوارڈز سے نوازا۔بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر 30 افسران و اہلکاروں پر مشتمل 06 پولیس ٹیموں میں کیش ایوارڈ اور تعریفی اسناد تقسیم کیے گئے ۔ کیش ایوارڈ اور تعریفی اسناد حاصل کرنے والوں میں 02 ڈی ایس پیز، 03انسپکٹرز، 06 سب انسپکٹرز، 04اے ایس آئیز، 05ہیڈ کانسٹیبلز اور 10 کانسٹیبلزملاقات کرنے والوں میں شامل ہیں۔ تقریب میں ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک، اے آئی جی ایڈمن اسد اعجاز ملہی اور اے آئی جی انسپکشن شائستہ ندیم سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔